ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / حجاج و معتمرین کی خراب گاڑی کے لیے مفت کاری گردستیاب;سعودی شہریوں کا حجاج کی خدمت کا مثالی جذبہ

حجاج و معتمرین کی خراب گاڑی کے لیے مفت کاری گردستیاب;سعودی شہریوں کا حجاج کی خدمت کا مثالی جذبہ

Thu, 27 Jul 2017 18:11:08  SO Admin   S.O. News Service

جدہ،27جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب میں حج اور عمرہ کے موسم آتے ہی مقامی شہریوں میں عازمین کی خدمت کا جذبہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ سعودی حکومت اور عوام دونوں حجاج کرام کی خدمت کو اپنے لیے باعث فخر سمجھتے ہیں۔ عوام الناس کی طرف سے حجاج کرام کی خدمت کی ایک تازہ مثال راستے میں خراب ہونے والی گاڑیوں کی مرمت کی صورت میں سامنے آئی ہے۔سعودی شہری رضاکارانہ طورپر حجاج اور معتمرین کی خراب ہونے والی گاڑیوں کی مفت میں مرمت کرتے ہیں۔اگر آپ بھی حج کی غرض سے سعودی عرب میں پہنچے ہیں اور راستے میں آپ کی گاڑی اچانک خراب ہوگئی ہے تو پریشانی والی کوئی بات نہیں۔ آپ 0553000192 فون نمبر ڈائل کریں، اپنی جگہ اور گاڑی میں پیدا ہونے والی خرابی کے بارے میں اس نمبر پر اطلاع دیں۔ کچھ ہی دیر میں آپ کے پاس ایک رضار کاریگر موجود ہوگا جو آپ کی گاڑی کی مرمت میں آپ کی مفت مدد کرے گا۔
سعودی عرب کے ایک ریٹائرڈ معلم 60سالہ خالد الغامدی نے بتایا کہ وہ مکہ معظمہ اور جدہ کے درمیان اپنی گاڑی پر جا رہے تھے کہ اچانک ان کی گاڑی میں کوئی فنی خرابی پیدا ہوگئی۔ انہوں نے مذکورہ فون نمبر پرمسئلہ اور اپنی جگہ بتائی۔ کچھ دیر بعد ایک ماہر کاریگر ان کے پاس آیا اور اس نے گاڑی میں پیدا ہونے والی خرابی ٹھیک کردی۔خالد الغامدی کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کی مفت مرمت کی سہولت صرف حجاج کے لیے نہیں بلکہ عمر کے لیے آئے افراد کے بھی ہے کیونکہ وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ عمرہ کی ادائی کیلیے مکہ مکرمہ آ رہے تھے۔ ابھی وہ جدہ سے دس منٹ ہی چلے تھے کہ ان کی گاڑی میں خرابی پیدا ہوئی جس پر انہوں نے رضاکار کی مدد طلب کی تو اس کی فورا معاونت کی گئی۔
حجاج ومعتمرین کو رضاکارانہ طور پر خدمات فراہم کرنے والے گروپ کے چیئرمین ظالفر العاطف نے العربیہ ڈاٹ نیٹ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے رضاکار روزانہ کی بنیاد پر سعودی عرب کے تمام شہروں میں حجاج ومعتمرین کو گاڑیوں کی خرابی پر مفت مرمت کی سہولت مہیا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ آٹھ ماہ کے دوران رضاکاروں نے 8400 عازمین عمرہ کی راستے میں خراب ہونے والی گاڑیوں کی مرمت میں ان کی مدد کی۔ العاطف کا کہنا ہے کہ ان کے ساتھ گاڑیوں کی فنی خرابی دور کرنے کے ماہر 600 کاری گر کام کرتے ہیں۔


Share: